سلمان خان سخی و تابعدار ہیں، اللہ انہیں پسند کرتا ہے، مولانا طارق جمیل

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے والدین کی اطاعت و فرمانبرداری پر بھارتی اداکار سلمان خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے، بھارتی اداکارکے حوالے سے متنازعہ بیان پر سوشل میڈیاصارفین ناراض ہوگئے۔
مولانا طارق جمیل نے عید الفطر پر معروف بھارتی اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیم خان بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ کو سلمان خان جیسا فرمانبردار بیٹا ملا ہے۔
اتنی مشہور شخصیت ہونے کے باوجود والدین کیساتھ احترام سے پیش آنا سلمان خان کی بہت بڑی خوبی ہے۔مولانا طارق جمیل نے پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے شعیب اختر نے بتایا کہ سلمان خان اپنے والدین کے نہایت فرمانبردار ہیں اوروالدین کے سامنے کبھی نہیں بولتے اور والدین کا کہا من وعن مانتے ہیں۔

مولانا طارق جمیل کا کہنا ہے کہ سلمان خان بہت اعلیٰ درجہ کے مسلمان ہیں اور دوسری بات ان کی سخاوت ہے اور اللہ تعالیٰ سخاوت کرنیوالوں سے پیار کرتا ہے چاہے وہ عبادت میں کمزور ہی کیوں نہ ہو، تو چاہے آپ عید کی ایک ہی نماز پڑھتے ہوں اللہ آپ سے پیار کرتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مولانا طارق جمیل کی جانب سے سلمان خان کی مداح سرائی پر شدید تنقید کی جارہی ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مولانا طارق جمیل غریب عوام کو مختلف سزاؤں سے ڈراتے اورامیروں کیلئے کوئی نہ کوئی بچت کا راستہ نکال لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ مولانا طارق جمیل کا حال ہی میں ملبوسات کا کاروبار شروع کرنے پر بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگ علماء کو بدحال دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ کاروبار سنت ہے لیکن ہمارے لوگ مولوی کو ہمیشہ محتاج اور دوسرے پر منحصر دیکھنے کے خواہشمند ہوتے ہیں اس لئے انہیں علماء کا تجارت کرنا برا لگتا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: