عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ڈپٹی کمشنر
ساہیوال(نمائندہ بندیا اسحاق)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ہمارے معاشرے کا وہ محسن طبقہ ہے جوصحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لیکن اس مقدس پیشہ کو داغدار کرنے والے نیم حکیم عطائی نہ صرف ان عظیم کرداروں کے لیے ناسور ہیں بلکہ انسانی جانوں کے بھی قاتل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عطائیت کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میںسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر نین، ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کی سیکرٹری عطیہ نواز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔انہوں نے عطائیت کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ۔نان کوالیفائیڈ افراد کا جگہ جگہ نام نہاد کلینک کھول کر غریب مریضوں کا علاج کرنا کوئی بھی مہذب معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا اور ضلعی انتظامیہ ایسے افراد کے خلاف زیرہ ٹالرینس کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گی ۔اجلاس میںبتایا گیا کہ فروری کے مہینے میں اب تک تحصیل ساہیوال میں44 اور تحصیل چیچہ وطنی میں67 انسپکشنز کی گئیں جبکہ چیکنگ کے اس سلسلے کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے ۔ دریں اثنا ءاپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز کی چیکنگ میں بھی مزید سختی کی جائے تاکہ وارنٹی و دیگر شرائط پورا کیے بغیر وہاں کاروبار نہ کیا جا سکے ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کسی قسم کا پریشر قبول کیے بغیر اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تا کہ عوام کے جان و مال سے کھیلنے والے عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے ۔