ٹریفک قوانین سے متعلق ایف جی کینٹ فور سکول میں طالبات کو آگاہی

35

سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔عباس مجید خان مروت

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ایف جی کینٹ فور سکولز فار گرلز میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی ایجوکیشن ون شازیہ شاہد‘ ڈی ایس پی ایجوکیشن ٹو ناصر خان, ڈی ایس پی انیلہ ناز اور ٹیم نے طالبات کو آگاہی دی۔ آگاہی سیمینار میں استانیوں‘ طلباء و طالبات اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ایجوکیشن ٹیم نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراس‘سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔سیمینار کے اختتام پر مقررین نے طالبات کو عملی طور پر روڈ کراسنگ کے حوالے سے تربیت دی اور بعد ازاں ان سے ٹریفک قوانین اور روڈ کراسنگ سے متعلق سوالات کئے جس پر طالبات نے صحیح جوابات دیئے۔ایف جی سکول کی پرنسپل نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اقدامات کو سراہا اور ڈی ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد کو مختلف اوقات میں اس طرح کے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر زور دیا اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ تعاون کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: