سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 624218 افراد کیخلاف کارروائی‘ جرمانوں کی مد میں 12 کروڑ 67 لاکھ 21 ہزار روپے قومی خزانے میں جمع۔

چیف کیپٹل پولیس عباس احسن کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں آئی ٹی اصلاحات سے متعلق انقلابی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔

سٹی ٹریفک پولیس پشاور کو جدید تقاضوں کے تحت چلانا اولین ترجیح ہے اور اس کو پورے صوبے کیلئے رول ماڈل کے طور پر پیش کرینگے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

پشاور(نمائندہ عمر فاروق)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے پر 624218 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جن سے جرمانوں کی مد میں 12 کروڑ 67 لاکھ 21 ہزار روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کردیئے گئے ہیں۔ جمعتہ المبارک کے روز ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے اس سلسلے میں شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے آگاہی مہمات کا سلسلہ بھی جاری ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کی جانیوالی کارروائیوں کے دوران 6 لاکھ 24ہزار 218 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جن سے جرمانوں کی مد میں 12 کروڑ 67 لاکھ 21ہزار رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کردیا گیا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر نے میڈیا کے نمائندوں کو اعداد و شمار بارے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 160539‘ دوسری گاڑیوں کو راستے کا حق نہ دینے پر 91679‘ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی پر 62072‘ لین ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 43863‘ اشاروں کے غلط استعمال پر 21832‘ ون وے کی خلاف ورزی پر 11518‘ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے پر 9899‘ پرمٹ کے بغیر گاڑیوں کے چلانے پر 4980‘ کالے شیشوں کے استعمال پر 4760‘ دوران سفر موبائل فون کے استعمال پر 2089‘ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے چلانے پر 1507‘ کم عمری میں ڈرائیونگ کرنے پر 1296‘ اوور لوڈنگ پر 4908‘ ون ویلنگ کرنے پر 232‘ تجاوزات قائم کرنے پر 3042‘ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 1 لاکھ 63 ہزار 422 اور پلازوں میں پارکنگ قائم نہ کرنے اور کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر 22 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف کیپٹل پولیس آفیسر عباس احسن کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں آئی ٹی سے اصلاحات سے متعلق انقلابی تبدیلیاں لائی گئیں جس کے تحت سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی گاڑیوں میں ٹریکر لگا دیئے گئے ہیں جبکہ ایف ایم ریڈیو 88.6 کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے جس کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک نظام سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے جہاں پر ٹریفک جام ہوتا ہے اس کے متبادل روٹس بارے شہریوں کو آگاہ کیا جاتا ہے اسی طرح کمپیوٹرائزڈ ڈیوٹی روسٹر بھی فعال کردیا گیا ہے جس کے ذریعے پوائنٹس پر ہر ماہ ٹریفک افسران کو تبدیل کیا جاتا ہے اور باقاعدہ انہیں میسج کے ذریعے آگاہ کیا جاتا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ای پٹرولنگ سسٹم کے تحت ٹریفک افسران کی گاڑیوں میں کیمرے لگائے گئے ہیں جس میں باقاعدہ ریکارڈنگ ہوتی ہے جس کا سارا ریکارڈ کمانڈ کنٹرول روم میں ہوتا ہے جس کی افسران از خود نگرانی کرتے ہیں اسی طرح آئی ٹی اصلاحات کے تحت ای چالان سسٹم کے ذریعے بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کی کے بارے میں با آسانی آگاہی حاصل ہو سکتی ہے جس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کر کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیا جاتا ہے۔محکمے کی جانب سے سوشل میڈیا کے تمام ویب سائٹس کو فعال کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹریفک نظام سے متعلق ہر پندرہ منٹ بعد شہریوں کو آگاہی دی جاتی ہے تاکہ وہ کلیئر سڑکوں پر سفر کر سکیں اور انہیں کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ٹریفک میں آئی ٹی اصلاحات وقت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور شہری کسی بھی وقت سوشل میڈیا کے ذریعے ٹریفک نظام سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی بہتری کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے جائیں گے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔اسی طرح شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے، ٹریفک نظام بارے سہولیات اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بارے آگاہی دینے کیلئے باقاعدہ یوٹیوب پر لائیو ٹرانسمیشن کا آغاز کردیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات نہ ہوں اور وہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ہر وقت ٹریفک نظام سے متعلق آگاہ ہوں اور انکو یوٹیوب لائیو ٹرانسمیشن سے متعلق متبادل روٹ سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے تاکہ انکا قیمتی وقت ضائع نہ ہو اور ٹریفک کو با آسانی رواں دواں کیا جا سکے۔ یو ٹیوب لائیو ٹرانسمیشن آئی ٹی اصلاحات کی ایک کڑی ہے جس سے شہری بھر پور استفادہ کر سکتے ہیں شہری سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کریں تاکہ وہ ہر قسم کی معلومات سے آگاہ ہوں کیونکہ یوٹیوب لائیو ٹرانسمیشن میں مختلف شعبہ جات کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں جو صحت، ایجوکیشن، قانون روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین سے متعلق اپنے خیالات ویورز کیساتھ شیئر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور ٹریفک وارڈنز و اہلکاروں کی آسانی کیلئے پہلے ہی ای چالان، کیمروں کی تنصیب، ڈیوٹی روسٹر کا اجراء کیا گیا ہے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ ٹریفک سے متعلق مسائل حل کرنے اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کو ڈیجٹلائز کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کو جدید تقاضوں کے تحت چلانا اولین ترجیح ہے جس میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کو پورے صوبے کیلئے رول ماڈل کے طور پر پیش کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: